ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نوٹ بند ی کے معاملے پر اپوزیشن کے جارحانہ تیورکا سلسلہ جاری

نوٹ بند ی کے معاملے پر اپوزیشن کے جارحانہ تیورکا سلسلہ جاری

Tue, 22 Nov 2016 12:03:30    S.O. News Service

نئی دہلی، 21؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوسرے ہفتے بھی نوٹ بند ی کے معاملے پر اپوزیشن پارٹیوں کا احتجاج تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور آج صبح اجلاس میں اپوزیشن نے طے کیا کہ وہ اس معاملے پر کاروائی ملتوی کرنے کی تجویز پر زور دینا جاری رکھیں گے ۔اپوزیشن پارٹیوں کی آج صبح ہوئی میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ ایوان میں کسی دوسرے ضابطہ کے تحت بحث شروع کرائی جا سکتی ہے جس میں ووٹوں کی تقسیم کی شق نہ ہو اور اس کے بارے میں ایک رسمی تجویز پیش کی جائے۔سی پی ایم لیڈر محمد سلیم نے کہاکہ اجلاس میں ریل حادثے کے سلسلے میں حکومت کی بے حسی کو لے کر تشویش کا اظہار کیا گیا، جب پہلے ایک موقع پر وزیر اعظم کیرالہ میں جائے حادثہ پر پہنچے تھے لیکن کل وہ جائے حادثہ پر نہیں گئے۔انہوں نے کہا کہ بینکوں اور اے ٹی ایم کی قطار میں کھڑے رہے کچھ لوگوں کی موت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے اور کاروائی ملتوی کرنے کے مطالبے پر اپوزیشن دباؤ ڈالنا جاری رکھے گا۔لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکاارجن کھڑگے نے اس بات سے اتفاق کااظہار کیا کہ ایسی کوئی روایت نہیں ہے لیکن اپوزیشن اس پر زور دے گا۔لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں نوٹ بند ی کے معاملے پر آج بھی اپوزیشن کا ہنگامہ جاری رہا اور دونوں ایوانوں کی کارروائی کئی بار ملتوی کرنی پڑی۔کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نصب مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے مظاہرہ کر سکتی ہیں، لیکن اس بارے میں کوئی فیصلہ آج شام یا کل لیا جا سکتا ہے، اجلاس میں اس معاملے پر دھرنے کے بعد صدر سے ملاقات کے بارے میں بھی بحث ہوئی ہے، لیکن کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا جا سکا۔محمد سلیم نے کہاکہ وزیر اعظم سبھی باتوں پر بول سکتے ہیں ،لیکن نوٹ بند ی پر اپوزیشن سے بات نہیں کر سکتے۔حزب اختلاف نوٹ بند ی کے اعلان کو مبینہ طور پر چنندہ طریقے سے لیک کرنے، بینکوں اور اے ٹی ایم کی لائن میں کھڑے لوگوں کی پریشانیوں اور اس کی وجہ سے ہوئی اموات کے مسئلہ کو بھی اٹھا رہا ہے۔


Share: